20/03/2024
دسواں پارہ
اس پارے میں دو حصے ہیں:
۱۔ سورۂ انفال کا بقیہ حصہ
۲۔ سورۂ توبہ کا ابتدائی حصہ
(۱) سورۂ انفال کے بقیہ حصے میں پانچ باتیں یہ ہیں:
۱۔ مال غنیمت کا حکم
۲۔ غزوۂ بدر کے حالات
۳۔ اللہ تعالیٰ کی نصرت کے چار اسباب
۴۔ جنگ سے متعلق ہدایات
۵۔ ہجرت اور نصرے کے فضائل
۱۔ مال غنیمت کا حکم:
مال غنیمت کا حکم یہ بیان ہوا کہ خمس نبی علیہ السلام آپ کے اقرباء یتیموں مسکینوں اور مسافروں کے لیے ہے اور باقی چار حصے مجاہدین کے لیے ہیں۔
۲۔ غزوۂ بدر کے حالات:
(۱) کفار مسلمانوں کو اور مسلمان کفار کو تعداد میں کم سمجھے اور ایسا اس لیے ہوا کہ اس جنگ کا ہونا اللہ کے ہاں طے ہوچکا تھا۔
(۲) شیطان مشرکین کے سامنے ان کے اعمال کو مزین کرکے پیش کرتا رہا دوسری طرف مسلمانوں کی مدد کے لیے آسمان سے فرشتے نازل ہوئے۔
(۳) قریش غزوۂ بدر میں ذلیل و خوار ہوئے۔
۳۔ اللہ تعالیٰ کی نصرت کے چار اسباب:
(۱) میدان جنگ میں ثابت قدمی۔
(۲) اللہ تعالیٰ کا ذکر کثرت سے۔
(۳) اختلاف اور لڑائی سے بچ کر رہنا۔
(۴) مقابلے میں نا موافق امور پر صبر۔
۴۔ جنگ سے متعلق ہدایات:
(۱) دشمنوں سے مقابلے کے لیے مادی، عسکری اور روحانی تینوں اعتبار سے تیاری مکمل رکھیں۔
(۲) اگر کافر صلح کی طرف مائل ہوں تو صلح کرلو۔
۵۔ ہجرت اور نصرت کے فضائل:
(۱) مہاجرین و انصار سچے مومنین ہیں (۲) گناہوں کی مغفرت (۳) رزق کریم کا وعدہ
(۲) سورۂ توبہ کا جو ابتدائی حصہ اس پارے میں ہے اس میں دو باتیں یہ ہیں:
۱۔ مشرکین اور اہل کتاب کے ساتھ جہاد
مشرکین سے جو معاہدے ہوئے تھے ان سے براءت کا اعلان ہے، مشرکین کو حج بیت اللہ تعالیٰ سے منع کردیا گیا، اہل کتاب کے ساتھ قتال کی اجازت دی گئی۔
۲۔ مسلمانوں اور منافقوں کے درمیان امتیاز
منافقوں اور مسلمانوں میں امتیاز کرنے والی بنیادی چیز غزوۂ تبوک بنی، رومیوں کے ساتھ مقابلہ جو وقت کے سپر پاور تھے اور شدید گرمی اور فقر و فاقہ کے موقع پر پھل پکے ہوئے تھے، مسلمان سوائے چند کے سب چلے گئے، جبکہ منافقین نے بہانے تراشنے شروع کردیے، پارے کے آخر تک منافقین کی مذمت ہے، یہاں تک فرمادیا کہ اے پیغمبر! آپ ان کے لیے ستر بار بھی استغفار کریں تو بھی اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت نہیں کرے گا اور اگر ان میں کسی کا انتقال ہوجائے تو آپ اس کی نماز جنازہ بھی نہ پڑھیے گا، پھر ان مسلمانوں کا بھی ذکر ہے جو کسی عذر کی وجہ سے اس غزوے میں نہ جاسکے۔