31/07/2022
کیا آپ ناچنے والے ریچھوں کے متعلق جانتے ہیں؟
جنگل سے ریچھ کا بچہ لینے سے پہلے ماں کو مار دیا جاتا ہے کیونکہ زندہ حالت میں تو وہ بچے کو لے جانے نہیں دیتی۔ یوں یہ ظالم، خبیث ناصرف ان دو ریچھوں کا نقصان کرتے ہیں بلکہ نسل کی بڑھوتری بھی رُک جاتی ہے اور ریچھ پہلے ہی نا پیدی کے خطرات سے دوچار ہے!!!
کیا اب بھی آپ ریچھ کا تماشہ دیکھیں گے؟
کیا اب بھی آپ ان ظالموں کو غریب مسکین سمجھ کر ان کی مالی مدد کریں گے؟
مگر ٹھہریے اس چیز کا فیصلہ کرنے سے پہلے کچھ اور حقائق بھی پڑھ لیجئے تاکہ آپ کو فیصلہ کرنے میں آسانی ہو۔
ٹریننگ شروع کرنے سے پہلے قید کئے گئے ریچھ کے بچے کے یا تو دانت ہتھوڑا مار کر نکال دئیے جاتے ہیں یا رگڑ دئیے جاتے ہیں۔ ناخن بھی کھینچ کر نکال دئیے جاتے ہیں تاکہ ان بزدلوں کو ریچھ سےکوئی خطرہ نا ہو، آخر میں ان کی ناک میں سوراخ کرکے لوہے کی نتھ ڈال دی جاتی ہے۔
ڈانس سکھانے کے لئے ریچھ کو دھات کی گرم پلیٹوں یا چادر کے اوپر کھڑا کیا جاتا ہے۔ جس کی تکلیف کے باعث یہ بیچارے مجبور ہو کر پچھلی دو ٹانگوں پر کھڑے ہو جاتے ہیں۔ کھڑے ہوکر درد اور جلن کے مارے یہ پچھلے پاؤں میں سے کبھی ایک اٹھاتے ہیں کبھی دوسرا۔ ایک سائڈ سے کود کر دوسری کی طرف جاتے ہیں اور یہ سب کچھ بظاہر دیکھنے میں ڈانس ہی لگتا ہے۔
یہ عمل کئی بار میوزک اور مداری کی آواز کے ساتھ دھرایا جاتا ہے اور جب ریچھ یہ غیر فطری عمل سیکھ جاتا ہےتو گرم پلیٹ وغیرہ کی ضرورت نہیں رہتی۔ نکیل کا کھینچا جانا ہی کافی ہوتا ہے۔ ریچھ کے لئے آنے والی تکلیف کا اشارہ ہی کافی ہوتا ہے۔
ریچھ اصل میں ڈانس آپ کی داد وصول کرنے یا اپنے شوق کے لئے نہیں کرتا بلکہ خود کو تکلیف سے بچانے کے لئے کرتا ہے۔
کئی دفعہ یہ دیکھنے میں آتا ہے کہ کچھ لوگ ان خبیث مداریوں کی طرفداری کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ غریب کی روزی روٹی کا ذریعہ ہے۔
ذرا سوچئے جو روزی اللہ کی بے زبان مخلوق کو اس تکلیف میں ڈالے، کیا وہ حلال ہوگی؟ اور کیا ایسے شخص کی طرفداری کرنا ٹھیک ہوگا؟
جانوروں سے اچھے سلوک کا درس تو ہمارے پیارے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بھی بارہا دیا ہے۔
جو لوگ اس کو صرف ایک کھیل سمجھتے ہیں، خدارا اپنے دلوں میں رحم پیدا کیجیے، ان بے زبانوں کی تکلیف کو محسوس کریں۔
جہاں ان تماشے والوں کو دیکھیں محکمہ کو اطلاع کریں۔ جنہیں آپ غریب سمجھ بیٹھے ہیں وہ اس دُنیا کے ظالم ترین لوگوں میں سے ہیں اس ظلم کا حصہ بننے سے گُریز کیجیے۔
محکمہ وائلڈ لائف پنجاب کو اطلاع کریں
#منقول