25/03/2024
چچڑ کے کاٹنے سے بچاؤ کا ہفتہ : 24 تا 30 مارچ 2024
یہ ہفتہ چچڑوں بارے آگاہی مہیا کرنے کے لیے انتہائی اہم ہے کیونکہ چچڑ ایسی بیماریوں کے کیریئر ہوتے ہیں جو انسانوں اور جانوروں دونوں کو متاثر کر سکتی ہیں۔ یہ جانوروں میں گلٹی دار جلدی بیماری، غدودوں کا بخار اور رت موترا جیسی جان لیوا بیماریوں کا سبب بنتا ہے۔جبکہ انسانوں میں کانگو بخار اور لائم ڈیزیز اہم ہے۔
یہ ہفتہ پہلی بار برطانیہ میں سن2011 میں لائم ڈیزیز کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر منایا گیا۔
اس ہفتے کو منانے کا مقصد لوگوں کو آگاہی مہیا کرنے اور انسانوں اور جانوروں میں چچڑوں سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے بچاؤ کی حکمت عملی تیار کرنا ہے ۔
جانوروں کے لیےاحتیاطی تدابیر:
1.فارم کی صفائی ستھرائی کا خیال رکھیں ۔
2.گوبر اور پیشاب وغیرہ کو فارم پر جمع نہ ہونے دیں کیونکہ چچڑ گوبر وغیرہ کے اندر پیدا ہوتے ہیں۔
3.فارم کی دیواروں اور کھرلیوں میں دراڑوں کو اچھے سے بند کر دیں تاکہ چچڑ ان کے اندر چھپ نہ سکیں۔
4.جانوروں پر چچڑوں کی موجودگی کا وقتا فوقتا معائنہ کرتے رہیں۔
5.فارم پر چچڑوں سے بچاؤ کے لیے چچڑ مار سپرے لازمی کریں۔
6.متاثرہ جانوروں کو چچڑوں سے بچاؤ کے لیے ٹیکے لگوائیں۔
7.چچڑوں سے بچاؤ کے پیش نظر باڑے میں چونا بکھیریں۔
انسانوں کے لیے احتیاطی تدابیر:
1. جانوروں کو چیک کرتے وقت دستانے استعمال کریں اور چچڑ مار لوشن لگائیں۔
2.جانور ذبح کرتے وقت خود کو خون آلود ہونے سے بچائیں ۔
3 . جانوروں کی دیکھ بھال کرتے ہوئے ہلکے رنگ کے کپڑوں کا استعمال کریں تاکہ چچڑ فوری طور پر نظر آ ئیں۔
4 . کپڑوں پر یا جسم پر چچڑ نظر آنے کی صورت فوری طور پر تلف کریں۔
5 . جلد کو چچڑوں سے بچاؤ کے لیے پورے بازو پہنے اور جرابوں کا استعمال کریں۔