01/12/2020
جانوروں میں فاسفورس (P) کی شدید کمی
سردیوں میں لال رنگ کا پیشاب ۔ رت موترا - شرکن
دودھ دینے والے جانوروں کے جسم میں سب سے بڑا معدنی جز کیلشیئم (Ca) ہے اور فاسفورس (P) دوسرا بڑا معدنی جز ہے۔ یہ دونوں اجزاء دودھ میں اچھی خاصی مقدار میں خارج ہوتے ہیں اس لیے دودھیل جانوروں کی خوراک میں ان کو مسلسل دینا ضروری ہوتا ہے
قدرتی طور پر ہماری زمینوں میں فاسفورس کم مقدار میں ہے۔ ہمارے میدانی علاقوں کی زمین کی پی ایچ بھی زیادہ ہے (9-8 pH) جس سے فاسفورس کی فصلوں/چارہ جات کو دستیابی محدود ہوجاتی ہے۔
جب سردی کی شدت بڑھتی ہے تو چارہ میں فاسفورس کی مزید کمی ہوجاتی ہے۔ 15 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم درجہ حرارت پر پودوں کی زمین سے فاسفورس حاصل کرنے کی شرح کم ہوتی جاتی ہے۔ اور جن زمینوں میں فاسفورسی کھاد مثلاً ڈی اے پی وغیرہ (DAP) نہیں ڈالی جاتی تو چارے کی فصل میں فاسفورس کی مزید کمی ہوجاتی ہے۔ یعنی ایک تو زمین میں فاسفورس کی کمی ہے، اور دوسرا زیادہ pH سے پودوں کو دستیاب بھی کم ہوتی ہے، سردی زیادہ بڑھنے کی وجہ سے فصل/چارے فاسفورس کو استعمال بھی کم کرتے ہیں اور رہی سہی کسر ہم فاسفورسی کھاد نہ ڈال کر پوری کر دیتے ہیں۔
سرسوں، شلجم، مولی اور سرسوں خاندان کے دیگر پودوں کا مسلسل اور زیادہ استعمال بھی جانور میں فاسفورس کی کمی کا باعث بنتا ہے۔ ان پودوں میں قدرتی طور پر فاسفورس کم مقدار میں ہوتی ہے۔ برسیم بھی ایک ایسا ہی چارہ ہے جس میں فاسفورس کی مقدار دوسرے چارہ جات کی نسبت کم ہوتی ہے
فاسفورس خون کے سرخ خلیوں (Red Blood Cells) کا حصہ ہے، اگر فاسفورس کی کمی ہو جائے تو خون کے خلیے ٹوٹ جاتے ہیں اور جانور کے پیشاب میں خون آنے لگتا ہے
سردی کے موسم میں چارے کاپر یعنی تانبے (Copper, Cu) کو بھی کم مقدار میں زمین سے جزب کرتے ہیں، اس لیے سردی کے چارہ جات میں کاپر (Cu) کی کمی بھی ہوسکتی ہے۔ کاپر خون کے بننے میں ضروری عنصر ہے۔ کاپر کی کمی سے جانور خون کی کمی کا شکار ہو جاتا ہے۔
جانور کی خوراک میں فاسفورس کی شدید کمی جانوروں میں لال رنگ کا پیشاب یا رت موترا/شرکن کا باعث بنتی ہے۔ یہ مسئلہ فاسفورس کی شدید کمی میں ہوتا ہے- فاسفورس کی کمی سے جانور کمزور ہوجاتا، دودھ کی پیداوار بھی کم ہوجاتی ہے اور جانور کا تولیدی نظام بھی متاثر ہوتا ہے۔ جانور کا مٹی پتھر کھانا، پلاسٹک، کپڑے، درختوں کی چھال، دوسرے جانوروں کے بال وغیرہ کھانا ان تمام مسائل کی ایک (one) وجہ فاسفورس کی کمی ہے۔
فاسفورس کی شدید کمی میں خون کے سرخ خلیے یا ریڈ بلڈ سیل (Red Blood Cells) ٹوٹ کر پیشاب میں خارج ہوتے ہیں اور پیشاب کا رنگ سیاہ سا ہوجاتا ہے۔ خون کے ضائع ہو جانے سے جانور بلکل سست اور نڈھال ہو جاتا، جانور کا ٹمپریچر کم ہو جاتا اور درجہ حرارت
° 100 سے بھی کم ہو جاتا ہے۔ خاص طور پر تازہ سوئے/ بچے کی پیدائش کے بعد جانوروں کو سردیوں کے موسم میں رت موترا ہو جاتا ہے۔
بچے کی پیدائش کے بعد ہونے والے رت موترا کو postparturient hemoglobinuria کہتے ہیں۔ بروقت علاج نا ہونے کی صورت میں جانور کی موت ہو جاتی ہے۔ لاپرواہی بلکل نہیں کرنی ایسی صورت حال میں!
پیشاب میں خون آنے کی تین چار اور بھی وجوہات ہیں۔ اگر چھوٹے بچے سردیوں میں رات کا بچا ہوا زیادہ ٹھنڈا پانی پی لیں تو بھی ان کے پیشاب میں خون آ سکتا ہے۔ ایک اور وجہ colostridium hymolyticum جو ایک بیکٹیریا ہے اور اس سے بھی شدید اور یکدم رت موترا ہوجاتا ہے۔ اس قسم کے پیشاب میں خون آنے کو bacillary hemoglobinuria کہتے ہیں۔ ایک اور وجہ کچھ زہریلی جڑی بوٹیاں اور کیمیکل کے کھا لینے سے بھی پیشاب میں لال رنگ اور خون آ سکتا ہے۔
زیادہ تر پیشاب میں خون آنے کی دو ہی وجوہات ہیں ایک رت موترا بلڈ پیراسائیٹ کی وجہ سے ہوتا ہے جسے ببیزیا (Babesia) کہتے ہیں اس میں بھی خون کے سرخ خلیے پیشاب میں خارج ہوتے ہیں، جس وجہ سے پیشاب کا رنگ سرخ ہو جاتا ہے۔ لیکن یہ پیراسائیٹ Parasite کی وجہ سے ہوتا ہے اور اس میں جانور کو بخار ہوتا یعنی جانور کا ٹمپریچر نارمل سے زیادہ ہوتا ہے، کئی دفعہ 106 تک بخار پہنچ جاتا ہے۔ ببیزیا پیراسائیٹ والا رت موترا چیچڑوں کی وجہ سے پھیلتا ہے، اس لیے اس کو چچڑی کا بخار بھی کہتے ہیں۔ اس رت موترا کا بچاؤ یہی ہے کہ چیچڑوں کو فارم سے ختم کریں۔
رت موترا کی دوسری قسم جانوروں میں فاسفورس کی کمی کی وجہ سے ہوتی ہے۔
AyeshaZahoorAgri : تحریر
فاسفورس کی کمی سے کیسے بچایا جائے جانوروں کو!!!!
فاسفورس کی کمی سے ہونے والے رت موترا سے بچاؤ کے لیے اپنے جانوروں کے چارہ جات کو بیجائی کے وقت فاسفورسی کھاد ضرور ڈالیں۔اگر گرمیوں میں ایک بوری DAP ڈالتے ہیں تو سردی میں سوا یا ڈیڑھ بوری ڈالیں۔ اگر اس دفعہ کاشت کے وقت فاسفورسی کھاد DAP وغیرہ کم از کم ایک بوری نہیں ڈالی تو اب ایک یا ڈیڑھ بوری فی ایکڑ نائیٹروفاس NP کھاد ڈال لیں۔ Nitrophos نائیٹروفاس میں فاسفورس اور نائٹروجن (یعنی یوریا) ہوتی ہے۔ تو اس کھاد سے یوریا/نائٹروجن بھی مل جائے گی۔
سردیوں میں جانور کو گڑ کا استعمال زیادہ کریں اور تازہ سوئے جانوروں کو روزانہ ایک ہفتہ تک 200 گرام گڑ کھلائیں، 100 گرام صبح اور 100 گرام شام, 200 گرام ایک ہی وقت میں نہ کھلائیں، آدھا صبح اور آدھا شام۔ سوئے/ بچے کی پیدائش کے بعد DCP Powder, ڈی سی پی پاؤڈر ضرور شروع کروادیں، اگر اچھی کمپنی کا منرل مکسچر دیں تو زیادہ بہتر ہے۔ 100 گرام ڈی سی پی پاؤڈر تو لازمی استعمال کریں اگر منرل مکسچر مہنگا لگتا ہو تو وہ 50 گرام روزانہ دیں ڈی سی پی پاؤڈر کے ساتھ
گندم چوکر میں بھی کافی مقدار میں فاسفورس ہوتا ہے، کپاس بنولہ، السی اور سورج مکھی کی کھل میں بھی فاسفورس اچھی خاصی مقدار میں ہوتا ہے۔
اپنے تازہ سوئے جانوروں کے پیشاب کا صبح شام مشاہدہ کرتے رہیں اور پیشاب کے رنگ پر نظر رکھیں کہ کہیں سرخ یا کالا تو نہیں۔ یہ بیماری گائے اور بھینسوں دونوں میں ہی ہوتی ہے لیکن بھینس اس کا شکار زیادہ ہوتی ہے
فاسفورس کی کمی کی وجہ سے ہونے والے رت موترا بھینسوں میں زیادہ خطرناک ہوتا ہے اور تھوڑی دیر ہو جائے،12-14 گھنٹے سے زائد، تو اکثر جانور دوران علاج ہی مر جاتے ہیں۔ جیسے ہی آپ کو پتا چلے کہ اپ کے جانور کو رت موترا ہوچکا ہے، تو جانور کا ٹمپریچر چیک کریں ° 100 سے کم ہو تو فوراً علاقہ کے مستند ڈاکٹر کو بلوائیں۔
اگر لکھنے والے بھی یہ سوچیں کہ میرے لکھنے یا نہ لکھنے سے کیا پڑتا ہے تو ۔ ۔ ۔ اس لیے حوصلہ افزائی کے لیے پوسٹ کو شئیر کر دیا کریں۔ جزاک اللہ !
الله تعالیٰ آپ کی جان و مال میں برکت عطا فرمائے، آمین