13/01/2025
ڈیری مینیجمنٹ:-
جانوروں کی سونے سے پہلے تیاری کی اہمیت۔
لوگ اکثر سوال کرتے ہیں کہ جانور سونے والا ہے کیاکھلائیں کہ اگلے سوئے میں دودھ زیادہ دے۔ میں تو اس بات پر اللہ کا شکر گزار ہوں کے کم ازکم لوگوں میں اتنی سمجھ تو پیدا ہوگئی ہے کہ یہ سوال آنا شروع ہوگیا ہے ورنہ نارمل روٹین میں تو جیسے ہی جانور خشک ہوتا ہے اس کے ساتھ سوتیلے بچوں جیسا سلوک شروع کر دیا جاتا ہے کبھی صرف توڑی اور کبھی باقی جانوروں کا بچا کھچا کھانا ڈال کر فرض پورا ہو جاتا ہے اور پھر جب جانور کی ڈلیوری ہوجاتی ہے تو سب سے زیادہ سوال کیا جاتا ہے دودھ کیسے بڑھائیں۔
دودھ والے جانوروں کی ڈرائی پیریڈ مینیجمنٹ ہی ڈیری فارم کی کامیابی اور پورے سوئے کی دودھ کی پیداوار پر مثبت یا منفی انداز میں اثر پزیر ہوتی ہے۔ اس دورانیہ میں کھلائی جانے والی خوراک درحقیقت فارمر کی وہ انویسٹمنٹ ہے جو کئی گنا منافع کی صورت میں جانور کی ڈلیوری کے بعد واپس مل جاتی ہے۔
سونے سے پہلےجانوروں کی تیاری:-
جانوروں کی تیاری کے چند چیدہ چیدہ نکات میں خشک ہونے کے فوری بعد چاروں تھنوں میں اینٹی بائیٹک ٹیوبز جیسا کی ٹیٹرا ڈیلٹا، مسٹی جیٹ یا البا ڈرائی پلس ٹیوبز چڑھائیں تاکہ آنے والے سوئے کیلیے جانوروں کے تھن محفوظ ہوجائیں اور سونے سے پہلے یا فوری بعد سوجن، خون، سختی، تھن بند ہوجانا یا ساڑو کا امکان ختم ہوجائے۔
خوراک:-
جانوروں کو سونے کی تاریخ سے 50 سے 60 دن پہلے لازمی خشک کر لیں اور پھر آہستہ آہستہ اچھا دودھ والا ونڈا شروع کریں جسکی مقدار شروع میں ایک کلو اور اس کے بعد بتدریج بڑھاتے ہو ئے 3،4 کلو تک بڑھا دیں اس ونڈے کے ساتھ روز ایک کلو مکئی کا دلیہ بھی کھلائیں۔ اور بائی پاس فیٹس 100 سے 150 گرام فی جانور بھی استعمال کرائیں۔ ہفتے میں دو دفعہ گڑ اور منرل مکسچر کا استعمال بھی کریں۔ جانور کو صاف اور تازہ پانی ہر وقت فراہم رکھیں۔ سونے سے 20،25 دن پہلے "کے ایم فیڈ KM Feed" بھی روز ڈالنا شروع کریں ( یہ ایک ہومیوپیتھک فیڈ ہے جسکا رزلٹ خاص طور پر پہلن جانوروں میں حوانہ کی بڑھوتری کیلیے بہت مفید ہے) سونے سے آٹھ دن پہلے ہر قسم کا منرل مکسچر وغیرہ بند کردیں۔ اس پوری خوراک کے ساتھ جانوروں کے ہاضمے کا خاص خیال رکھیں اور اندھا دھند انجیکشن وغیرہ لگانے اور ڈیورمنگ کرنے سے پرہیز کریں۔ خوراک کے ساتھ ہفتے میں ایک دو دفعہ میٹھا سوڈا بھی استعمال کریں۔۔