16/12/2023
ساڑو یا سوزشِ حیوانہ کیا ہے ؟
ساڑو یا سوزش حیوانہ کے بارے میں یہ کہا جائے کہ یہ ڈیری فارمرز کے لیے سب سے بڑا معاشی نقصان ہے تو غلط نہ ہوگا۔
⦁ایک اندازے کے مطابق ہر پانچ میں سے ایک جانور ساڑو کا شکار ہوتا ہے
⦁دنیا بھر میں ساڑو کا خطرہ جانور کو پورا سال لاحق رہتا ہے
⦁ ساڑو سے مکمل بچاؤ اگرچہ مشکل ضرور ہے، مگر باقاعدگی سے ہر چوائی کے وقت پری ملکنگ ٹیٹ ڈپنگ اور پوسٹ ملکنگ ٹیٹ ڈپنگ کا عمل دہرایا جائے تو ساڑو کے خطرات کو % 80 تک کم کیا جا سکتا ہے۔
⦁ پوشیدہ ساڑو کو بروقت سے کنٹرول کریں، اس سے پہلے کہ یہ ظاہری ساڑو کی شکل اختیار کر ے، اس کے لیے ضروری ہے کہ مستقل بنیادوںپرکیلیفورنیا میسٹائٹس ٹیسٹ باقاعدگی سے کئے جائیں
ساڑو سوزش
ساڑو یا سوزش حیوانہ دراصل مویشی کے تھن کی سوزش ہے، جس کے نتیجے میں دودھ کی پیداوار کم ہو جاتی ہے۔ یہ ممکنہ طور پر حیوانہ کا انفیکشن ہے، جو دنیائے ڈیری میں بہت عام ہے۔
ساڑو کی عموماً دو قسمیں ہیں:
⦁ ظاہری ساڑو
⦁ پوشیدہ ساڑو
ظاہری ساڑو کی صورت میں حیوانہ/تھن پر سوجن یا حیوانہ گرم ہو جاتا ہے،
حیوانہ اپنی اصل شکل سے کئی گنا بڑا ہو جاتا ہے۔
حیوانہ چھونے سے جانور کو درد محسوس ہوتاہے اور جانور کو بخار ہوجاتا ہے۔
دودھ میں پیپ، خون اور چھیچھڑے یا چھیڈیاں نمایاں ہو تی ہیں۔
پوشیدہ ساڑو کی علامات بھی پوشیدہ ہوتی ہیں اور یہ تھن میں ناڑ پیدا کرنے کا سبب بنتا ہے۔
اس کے بچاؤ کے لیے ضروری ہے کہ مستقل بنیادوں پرکیلیفورنیا ماسٹائٹس ٹیسٹ کیے جائیں
اس کے علاوہ دودھ میں سومیٹک سیلز خلیات کی تعداد مقررہ حد سے زیادہ ہونا اور دودھ کا ذائقہ نمکین ہونا بھی پوشیدہ ساڑو کی علامت ہے۔
وجوہات
جانوروں میں ساڑو کا سبب مختلف اقسام کے مائیکرو آرگنزم ہیں، جن میں مائکوپلازما، فنگس اور بیکٹیریاشامل ہے، جن کو مزید تفصیلا بیان کیا جا رہا ہے۔
وہ بیکٹیریل انفیکشن یا نباتاتی جراثیم جو ساڑو کا سبب بنتے ہیں، ان میں
⦁ پاسچریلا ملٹوسیڈا
⦁ سٹفیلوکوکس آریس
⦁ اسٹرپٹوکوکس زویپدمکس
⦁اسٹرپٹوکوکس ایگالیکشیا
⦁ اسٹرپٹوکوکس پائیوجینس
⦁ اینٹروکوککس فیکلس
⦁مائکوبیکٹیریم بووس
⦁ کلیبسیلا نمونیا
⦁بروسیلا ابورٹس
⦁سیوڈموناس پیوکینیئس
⦁ایکولائی
⦁ لیپٹوسپیرا پومونا۔
شامل ہیں۔
مختلف اقسام کی پھپھوندی یا فنگس مثلاً اسپرگلس فمی گیٹس, اے میڈیولس کنڈیڈہ ایس پی پی, ٹریچوسپورون ایس پی پی بھی ساڑو کے ذمہ دارسمجھے جاتے ہیں